پاکستان

مزید وزارتیں، ادارے ختم، ضم کرکے ہزاروں اسامیاں بند کرنے کی سفارشات تیار

حکومت نے رائٹ سائزنگ کے دوسرے مرحلے پر عملدرآمد کا فیصلہ کرلیا اور حکومت کی رائٹ سائزنگ کمیٹی نے مزید کچھ وزارتیں اور ادارے ختم یا انہیں دیگر محکموں میں ضم کرکے مزید ہزاروں اسامیاں بند کرنے کی سفارشات تیار کر لیں۔

دوسرے مرحلے سے متعلق رائٹ سائزنگ کمیٹی کی سفارشات تیار کرلی گئی ہیں، یہ سفارشات وزیر خزانہ کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے تیار کی ہیں۔

سفارشات آج وفاقی کابینہ میں منظوری کے لیے پیش کی جائیں گی جس کے تحت 5 وزارتوں کے درجنوں ادارے ختم کرنے کی تجویز ہے۔

اس کے علاوہ مختلف اداروں کو ضم کرنے، نجی شعبے کے سپرد کرنے کی بھی تجاویز شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق رائٹ سائزنگ کمیٹی کی جانب سے ہزاروں اسامیاں ختم کرنے کی بھی سفارش کی جائے گی، سفارشات میں افسروں، ماتحت ملازمین کی شرح میں 50 فیصد تک کمی کی سفارش بھی تجاویز میں شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ہاؤسنگ، تجارت، سائنس و ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری بورڈ، نیشنل فوڈ سیکیورٹی کی وزارتیں دوسرے مرحلے میں شامل ہیں۔

واضح رہے کہ ستمبر میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا تھا کہ حکومت نے 6 وزارتیں ختم اور 2 ضم کرنے اور سرکاری اداروں میں اصلاحات لانے پر عملد درآمد شروع کر دیا ہے جب کہ وزارتوں میں خالی ڈیڑھ لاکھ اسامیاں ختم کی جا رہی ہیں۔

یاد رہے کہ 16 اگست کو وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں کمیٹی کی سفارشات پر انتظامی اخراجات کو کم کرنے اور ریاستی مشینری کو ہموار کرنے کی غرض سے وفاقی حکومت نے 5 وزارتوں کے 28 محکموں کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button