بین الاقوامی

شہید نواسی کو ’ روح کی روح’ کہنے کے انداز سے وائرل ہونے والے نانا اسرائیلی حملے میں شہید

غزہ میں اپنی شہید نواسی کو ’روح کی روح‘ کہنے کے انداز سے مشہور ہونے والے فلسطینی خالد نبحان بھی اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے۔

قطری نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کی رپورٹ کے مطابق غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والے خالد نبحان اپنی شہید نواسی کی آنکھوں کو چومنے اور اسے محبت بھرے الفاظ کہنے کی وجہ سے مشہور ہوئے تھے۔

مقامی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ خالد نبحان آج علی الصبح وسطی غزہ میں واقع پناہ گزین کے نصیرات کیمپ میں ہونے والی اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں شہید ہوئے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشہ سال نومبر میں اسرائیلی فضائی حملوں میں ان کی نواسی ریم شہید ہوئی تھی۔

خالد نبحان کی وہ ویڈیو جس میں وہ اپنی شہید نواسی ریم کو گود میں لیے ہوئے ہیں، سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی اور اسے لاکھوں مرتبہ دیکھا گیا تھا، ویڈیو کو بین الاقوامی میڈیا نے بھی کوریج دی تھی۔

فلسطینی خبر رساں ایجنسی ’وفا‘ کے مطابق آج ہونے والے اسرائیلی حملے میں ایک بچے سمیت کم از کم 4 افراد شہید ہوئے۔

خالد نبحان کو اپنی نواسی کی شہادت کے بعد اکثر زخمی خاندانوں کی مدد کرتے اور ان کے لیے امداد فراہم کرتے دیکھا گیا۔

اسرائیل کی بمباری کے نتیجے میں نواسی کی شہادت کے بعد انہوں نے ایک سال ضرورت مندوں کی مدد کرنے، بھوکے بچوں اور بلی کے بچوں کو کھانا فراہم کرنے، اور اپنی والدہ کے ساتھ گزارے گئے ہر لمحے کو یادگار بنانے میں صرف کیا۔’

غزہ کی وزرات صحت کے مطابق غزہ پر اسرائیل کی جنگ کے نتیجے میں شہادتوں کی تعداد 45 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button