حیرت انگیز

شادی کا مزاحیہ دعوت نامہ صارفین کی توجہ کا مرکز

شادی کے موقع کو یاد گار بنانا ناصرف ہر دولہا دلہن کا خواب ہوتا ہے بلکہ ان کے گھر والوں کی بھی یہی کوشش ہوتی ہے کہ اپنے گھر کی اس تقریب کو ہر ایک کے لیے یادگار بنایا جائے۔

اس موقع کو یادگار بنانے اور تقریبات میں آئے مہمانوں کی خاطر تواضع میں اکثر کوئی نہ کوئی ناراض ہو جاتا ہے، جس کی وجہ سے بدمزگی پیدا ہو جاتی ہے، ایسی صورتِ حال سے بچنے کے لیے ایک دولہا دلہن نے منفرد حل ڈھونڈ نکالا اور روایتی دعوت نامے کا انداز تبدیل کر دیا۔

اس بات سے قطع نظر کہ یہ دعوت نامہ حقیقی ہے یا پھر اسے صرف سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کرنے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے، اس کی دھوم سوشل میڈیا پر مچی ہوئی ہے
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے اس دعوت نامے کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ڈاکٹر ایجیتا نامی صارف نے شیئر کیا ہے۔

اگر شادی کے دعوت نامے پر نظر ڈالیں تو معلوم ہو گا کہ دعوت دینے والے نے ہوشیاری سے مروجہ دقیانوسی تصورات کو ہنسی مذاق میں حل کرنے کی کوشش کی ہے، جیسے کہ شادی میں آئے مہمانوں کو اکثر شادی کے کھانے اور انتظامات سے متعلق شکایات رہتی ہیں یا پھر شادی کے دعوت نامے پر دولہا دلہن کی تعلیمی قابلیت کو فخریہ انداز میں نام کے ساتھ لکھا جاتا ہے جس کی ضرورت نہیں ہوتی۔

اکثر والدین شادی بیاہ کی تقریبات میں اپنے بچوں کو کنٹرول نہیں کرتے اور شرارتی بچے شادی کی سجاوٹ خراب کر دیتے ہیں، اس مسئلے کو بھی مزاحیہ انداز میں اس دعوت نامے میں بیان کیا گیا ہے اور ساتھ لکھا ہے کہ اپنے بچوں کو قابو میں رکھیے گا کیونکہ اسٹیج کوئی کھیل کا میدان نہیں ہے۔
اس کے ساتھ ہی دلچسپ انداز میں تحائف میں کیا چاہیے وہ بھی مانگا گیا ہے اور لکھا ہے کہ نقد دینے کی بجائے آن لائن ٹرانسفر کر دیجیے اور اب تک کون کون سے تحائف مل چکے ہیں اس کی تفصیل بھی درج کی ہے تاکہ تحائف ریپیٹ نہ ہوں۔

سوشل میڈیا پر شادی کا یہ کارڈ وائرل ہونے کے بعد صارفین اس پر دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔

بعض صارفین کا کہنا ہے کہ ان کی شادی ہو چکی ہے اگر پہلے اس طرح کا کارڈ دکھائی دیتا تو اپنی شادی پر بھی اسی طرح کا کارڈ بنواتے۔

ایک اور صارف نے لکھا ہے کہ صاف گوئی سے کام لیا گیا ہے، یہ اچھا طریقہ ہے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button