پیکا قانون میں مجوزہ تبدیلی: 7 سال قید اور 20 لاکھ تک جرمانے کی تجویز
حکومت کی جانب سے ملک کے سائبر کرائم قوانین پری وینشن آف الیکٹرانک کرائمز (پیکا) میں کی جانے والی نئی مجوزہ تبدیلیوں کی خلاف ورزی کے نتیجے میں 7 سال تک قید اور 20 لاکھ روپے تک جرمانہ کیا جاسکتا ہے۔
گزشتہ ہفتے ڈان نے رپورٹ کیا تھا کہ حکومت پری وینشن آف الیکٹرانک کرائمز (پیکا) میں جامع تبدیلیاں کرنے کی منصوبہ بندی کررہی ہے، ان تبدیلیوں کے تحت ایک نئی اتھارٹی تشکیل دی جائے گی جسے آن لائن مواد اور سوشل میڈیا تک رسائی کو بلاک کرنے کے اختیارات حاصل ہوں گے، اور وہ افراد جو ’جعلی خبریں‘ پھیلائیں گے ان کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔
وزیر مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ نے علظ معلومات کے حوالے سے خدشات کو ظاہر کرتے ہوئے پیکا ایکٹ میں ترامیم کے زیر غور ہونے کی تصدیق کی تھی۔
ترامیم کے مجوزہ مسودے میں ایک نئی شق 26 (اے) شامل کرنے کی تجویز دی گئی ہے جس کے تحت آن لائن ’ جعلی خبریں’ پھیلانے کے مرتکب افراد کو سزا دی جاسکے۔