چیمپئنز ٹرافی کے معاملے پر بھارت کی ہٹ دھرمی برقرار، آئی سی سی اجلاس پھر ملتوی
پاکستان میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی 2025 کے معاملے پر بھارت کی ہٹ دھرمی برقرار ہے جس کے باعث آج انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا ہونے والا اجلاس ملتوی کردیا گیا۔
گزشتہ روز یہ خبر سامنے آئی تھی کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے سخت مؤقف پر ڈٹے رہنے کے بعد آئی سی سی اور بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹنے لگے ہیں اور ممکنہ طور پر پاکستان کا پیش کردہ ہائبرڈ ماڈل نافذ کیے جانے کا امکان ہے۔
بھارت کی جانب سے ہائبرڈ ماڈل کی شرط تسلیم کیے جانے کے بعد پاکستان نے آئی سی سی سے تحریری ضمانت مانگی تھی۔
اس حوالے بی سی سی آئی کی جانب سے آج آئی سی سی کو تحریری جواب جمع کروانا تھا تاہم بھارتی بورڈ نے پاکستانی ہائبرڈ فیوژن ماڈل پر آج بھی جواب جمع نہیں کرایا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے سخت مؤقف، براڈ کاسٹرز اور دیگر بورڈ کے دباؤ پر بھارتی کرکٹ بورڈ پاکستان کے فیوژن ہائبرڈ ماڈل پر بظاہر راضی ہوچکا ہے تاہم آج بی سی سی آئی کا جواب نہ ملنے پر شیڈول آئی سی سی اجلاس ملتوی کردیا گیا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ آئی سی سی اجلاس سے پہلے تحریری ضمانت نہ ملی تو پاکستان کی جانب سے دوبارہ سخت مؤقف اپنائے جانے کا امکان ہے۔