معروف بھارتی کامیڈین شو کے بعد لاپتا، بیوی نے رپورٹ درج کروادی
بھارت کے مشہور کامیڈین سنیل پال اپنے ایک شو کے بعد لاپتا ہوگئے جس کے بعد ان کی اہلیہ پولیس کے پاس پہنچ گئیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 49 سالہ سنیل پال ایک شو کے لیے ممبئی سے باہر کسی دوسرے شہر گئے تھے، انہوں نے اہلیہ کو بتایا تھا کہ وہ 3 دسمبر کو گھر واپس لوٹیں گے لیکن وہ نہیں پہنچے۔
سنیل کے گھر واپس نہ پہنچنے پر اہلیہ سریتا پال نے ممبئی کے ایک پولیس اسٹیشن میں شوہر کی گمشدگی کی شکایت درج کروائی اور بتایا کہ بار بار شوہر سے رابطہ کرنے کے باوجود ان کے شوہر کے نمبر سے جواب نہیں مل رہا۔
پولیس سے رابطہ
کچھ بھارتی میڈیا رپورٹس میں کہا جارہا ہے کہ سنیل پال کو پولیس نے ٹریس کرلیا ہے اور پولیس ان سے مسلسل رابطے میں ہے جب کہ پاپارازی وائرل بھایانی نامی اکاؤنٹ نے بھی انسٹاگرام پر سریتا پال کے حوالے سے تصدیق کی کہ انہوں نے بتایا ہے سنیل سے پولیس کا رابطہ ہوگیا ہے البتہ وہ اب تک گھر نہیں پہنچے۔
سُنیل پال کے کیرئیر پر نظر
سنیل پال نے 2005 میں دی گریٹ انڈین لافٹر چیلنج میں حصہ لیا تھا اور انہوں نے یہ شو جیت کر شہریت کی بلندیاں حاصل کیں۔
اس کے بعد انہوں نے فلم ‘ہم تم’ اور ‘پھر ہیرا پھیری’ جیسی فلموں میں معاون کردار نبھائے، انہوں نے 2017 میں مشہور فلمساز انیس بزمی پر پرفارمنس کی رقم ادا نہ کرنے کا معاملہ بھی درج کروایا تھا۔
ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ میرے 20 سے 25 لاکھ روپے مختلف پروڈیوسرز کے ساتھ مارکیٹ میں پھنسے ہوئے ہیں، ادائیگی میں تاخیر عام بات ہے لیکن انیس بزمی جیسا پروڈیوسر جو کروڑوں میں کھیلتا ہے وہ بھی یہ برتاؤ کرے تو ناقابل معافی ہے۔