حیرت انگیز
گوگل میپ کے کلیئر دکھائے راستے پر جاتے ہوئے گاڑی زیر تعمیر پل سے گرگئی، 3 افراد ہلاک
گوگل میپ کے بتائے گئے راستے پر سفر کرنے والی گاڑی کے زیر تعمیر پل سے گرنے سے 3 افراد ہلاک ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ شب بدایوں شہر سے فرید پور قصبے کی طرف جاتی گاڑی بریلی میں رام گنگا ندی پر زیر تعمیر پُل سے نیچے جا گری۔
50 فٹ کی بلندی سے گرنے پر گاڑی میں سوار 2 بھائیوں سمیت 3 نوجوان موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔
اہلخانہ کے مطابق نوجوان گوگل میپ کی رہنمائی میں سفر کر رہے تھے، جی پی ایس نے پُل کا راستہ کلیئر دکھایا لیکن آگے جا کر پُل موجود نہیں تھا۔
اہلخانہ کا کہنا ہے کہ انتظامیہ نے زیر تعمیر پُل پر کوئی رُکاوٹ لگائی ہوتی تو افسوس ناک حادثہ پیش نہ آتا، پولیس کے مطابق حادثے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔