سیاسیات

سعودی عرب سے متعلق بشریٰ بی بی کے مبینہ بیان پر پی ٹی آئی دفاعی پوزیشن اختیار کرنے پر مجبور

سعودی عرب سے متعلق بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے مبینہ بیان پر پی ٹی آئی دفاعی پوزیشن اختیار کرنے پر مجبور ہو گئی۔

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹرسیف نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی نے سعودی عرب یا محمد بن سلمان پر کوئی الزام نہیں لگایا، بیان سیاق وسباق سے ہٹ کر چلایا جا رہا ہے۔

بیرسٹر سیف کا مزید کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی نے یہ نہیں کہا کہ سعودی عرب یا محمد بن سلمان نے اُس وقت کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو کال کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ بشریٰ بی بی کے بیان کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کا مقصد احتجاج سے توجہ ہٹانا ہے، جس کے لیے حکومت کچھ بھی کرنے کو تیار ہے، حکومت دو ممالک کے تعلقات کو بھی خاطر میں نہیں لارہی ہے۔

ادھر، بانی پاکستان تحریک انصاف کے وکیل فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے کہا کہ عمران خان کی اہلیہ کے بیان میں سعودی عرب کا ذکر نہیں تھا۔

فیصل چوہدری نے سابق وزیراعظم عمران خان کے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات خوشگوار قرار دے دیے۔

شیخ وقاص اکرم نے مؤقف اپنایا کہ سابق خاتون اول نے سعودی عرب کا نام نہیں لیا، بیان سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز جاری کردہ اپنے ایک ویڈیو پیغام میں بشریٰ بی بی نے دعویٰ کیا تھا کہ کچھ بیرونی طاقتیں مدینہ میں ننگے پاؤں چلنے کے عمران خان کے مذہبی انداز سے ناخوش تھیں۔

اہلیہ بشریٰ بی بی نے دعویٰ کیا تھا کہ عمران خان جب ننگے پاؤں مدینہ گئے تو واپسی پر جنرل (ر) باجوہ کو فون کالز آنا شروع گئیں کہ یہ کسے لے آئے ہو۔

پاکستان تحریک انصاف کے یوٹیوب چینل سے ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کیا اُٹھا کر لائے ہو، ہم اس ملک میں شریعت کا نظام ختم کرنے لگے ہیں اور تم شریعت کے ٹھیکے دار لے آئے ہو۔

سابق آرمی چیف جنرل (ریٹائرڈ) قمر جاوید باجوہ نے سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی جانب سے اپنے شوہر عمران خان کی حکومت کے خاتمے میں مبینہ غیر ملکی سازش کے حوالے سے کیے گئے دعوؤں کو سو فیصد جھوٹ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ سمجھ نہیں آتی کہ اس خاتون کو مسئلہ کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button