صحت

پیدل گھومنا طویل زندگی پانے میں مددگار

ایک طویل اور منفرد تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ جسمانی طور پر متحرک رہنا یا صرف پیدل گھومنا بھی نہ صرف بہتر صحت کا ضامن ہے بلکہ اس سے زندگی بھی طویل ہو سکتی ہے۔

طبی جریدے میں شائع تحقیق کے مطابق امریکی ماہرین نے 36 ہزار افراد کی صحت کے ڈیٹا کا جائزہ لینے کے بعد ایک ماڈیول تیار کیا۔

ماہرین نے رضاکاروں کی خوراک سمیت مرنے والے افراد کے ڈیٹا کو بھی دیکھا اور ان کی طرز زندگی پر بھی تحقیق کی۔

ماہرین نے پایا کہ 40 سال کی عمر کے بعد جسمانی طور پر متحرک رہنا یعنی صرف پیدل گھومنا بھی نہ صرف صحت مند زندگی بلکہ طویل زندگی کی ضمانت ہے۔

ماہرین کا کہنا تھا کہ چالیس سے زائد العمر افراد اگر یومیہ ایک گھنٹہ بھی پیدل گھومیں گے تو مجموعی طور پر ان کی زندگی میں پانچ سال کا اضافہ ہوگا۔

ماہرین کی جانب سے تیار کیے گئے ماڈیول کے مطابق سب سے زیادہ یومیہ 160 منٹ تک پیدل گھومنے والے افراد کی زندگی میں مجموعی طور پر 11 سال تک کا اضافہ ہوسکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا تھا کہ انہوں نے پیدل گھومنے اور طویل زندگی کے چار ماڈیول تیار کیے، جس میں سے سب سے کم وقت تک پیدل گھومنے کا ماڈیول یومیہ 50 منٹ تک کا تھا۔

ماہرین کے مطابق 40 سال کی عمر کے بعد یومیہ 50 منٹ تک پیدل گھومنے والے افراد کی مجموعی زندگی میں 5 سال تک کا اضافہ ہوسکتا ہے۔

اسی طرح ماہرین نے یومیہ 80 منٹ اور 110 منٹ ماڈیولز بھی تیار کیے اور پایا کہ یومیہ ایک گھنٹہ زیادہ پیدل گھومنا مجموعی زندگی میں ایک سال کا اضافہ کر سکتا ہے۔

ماہرین نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ دنیا بھر کے زیادہ تر ممالک میں پیدل گھومنے کے لیے روڈ، راستے اور فٹ پاتھ یا پارکس تک موجود نہیں، جس وجہ سے لوگ پیدل گھومنے سے گریز کرتے ہیں۔

ماہرین نے حکومتوں کو تجویز دی کہ وہ شہروں میں پارکس بنانے سمیت اس طرح کے ٹریکس اور راستے بنائیں، جن سے پیدل گھومنے والوں کی حوصلہ افزائی ہو، اس سے نہ صرف لوگوں کی مجموعی صحت بہتر ہوگی بلکہ بیماریوں پر ہونے والے اخراجات بھی کم ہوں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button