عمران خان ننگے پاؤں مدینہ گئے تو واپسی پر باجوہ کو فون آنا شروع ہوئے کہ کسے لے آئے، بشریٰ بی بی
بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان جب ننگے پاؤں مدینہ گئے تو واپسی پر جنرل (ر) باجوہ کو فون کالز آنا شروع گئیں کہ یہ کسے لے آئے ہو۔
پاکستان تحریک انصاف کے یوٹیوب چینل سے ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کیا اُٹھا کر لائے ہو، ہم اس ملک میں شریعت کا نظام ختم کرنے لگے ہیں اور تم شریعت کے ٹھیکے دار لے آئے ہو۔
انہوں نے احتجاج کے حوالے سے کہا کہ 24 نومبر کو پاکستان کا ہر طبقہ احتجاج کا حصہ بنے، یہ صرف عمران خان کی جنگ نہیں بلکہ ملک کے لیے حقیقی آزادی کی جنگ ہے، مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے ہر طبقے کو احتجاج میں شرکت کی دعوت دی ہے، اگر تمام لوگ اس احتجاج کا حصہ بنیں گے تو کامیابی ہمارا مقدر بنے گی۔
بشریٰ بی بی نے کہا کہ عمران خان نے ججوں اور وکیلوں سے درخواست کی ہے وہ احتجاج کا حصہ بنیں اور 24 نومبر کو اسلام آباد پہنچیں کیونکہ وہ قانون کی بالادستی کے لیے جیل میں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اس حوالے سے لائحہ عمل اور پیغامات بھیجے ہیں لیکن وہ وقت کے ساتھ بتائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ احتجاج کی تاریخ کے حوالے سے قیاس کیا جا رہا ہے کہ اسے تبدیل کردیا جائے گا، کسی سے کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے اور 24 نومبر کی تاریخ تبدیل نہیں ہوگی، یہ صرف عمران خان کی رہائی کی صورت میں تبدیل ہوگی۔
سابق خاتون اول کا کہنا تھا کہ عوام کا فرض بنتا ہے کہ وہ اس احتجاج کے لیے نکلے، پولیس اور اداروں سے اپیل ہے کہ پُرامن مظاہرین پر ظلم نہ کریں، ہمارے اوپر ظلم کیا جاتا ہے اور پرچے کاٹے جاتے ہیں، ہمیں پُرامن احتجاج کرنے دیا جائے۔