کھیل

چیمپئنز ٹرافی: پاک بھارت تنازع پر آئی سی سی پریشان، ہنگامی بورڈ اجلاس بلائے جانے کا امکان

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے لیے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے حوالے سے پاک بھارت تنازع درد سر بن گیا، بھارت کی جانب سے دورہ پاکستان اور پی سی بی کی جانب سے ہائبرڈ ماڈل کو تسلیم کرنے سے انکار کے بعد آئی سی سی کاہنگامی بورڈ اجلاس بلائے جانے کا امکان ہے۔

آئی سی سی کے بورڈ اجلاس میں پاک بھارت تنازع پر تبادلہ خیال اور ووٹنگ کا امکان ہے، آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا شیڈول جاری کرنے کی ڈیڈ لائن کا کل آخری روز ہے۔

ذرائع کے مطابق آئی سی سی نے پاکستان اور بھارت کے کرکٹ بورڈز سے رابطے کیے تاہم بھارتی بورڈ پاکستان آمد اور پاکستان ہائبرڈ ماڈل پر راضی نہیں ہے۔

اس سے قبل گزشتہ روز بھارت کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے حکومت کی جانب سے پاکستان سفر کی اجازت نہ ملنے پر رواں ہفتے سے لاہور میں شروع ہونے والے ٹی 20 بلائنڈ کرکٹ ورلڈکپ سے دستبرداری کا اعلان کردیا تھا۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 1996 اور 2008 کے ایشیا کپ کے بعد پاکستان کو ایک عرصے بعد پہلی بار چیمپئنز ٹرافی 2025 کی صورت میں آئی سی سی کے کسی بڑے ایونٹ کی میزبانی ملی ہے، جس کے تمام میچز اگلے سال 19 فروری سے 19 مارچ تک پاکستان کے تین بڑے شہروں کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔

تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ ( بی سی سی آئی) اپنی حکومت کی جانب سے دورہ پاکستان کی اجازت نہ ملنے پر پاکستان آمد سے انکار کرتے ہوئے اپنے میچز نیوٹرل وینیو پر منتقل کرنے کی تجویز پیش کرچکا ہے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نیوٹرل وینیو پر کھیلنے سے انکاری اور بھارت کے بغیر ٹورنامنٹ کرانے پر مُصر ہے۔

بھارت نے ایشیا کپ 2008 کے بعد سے پاکستان میں کوئی میچ نہیں کھیلا، جبکہ 13-2012 میں پاکستان کے دورہ بھارت کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان کوئی دو طرفہ سیریز بھی نہیں کھیلی گئی ہے۔

گزشتہ سال بھی ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو ملی تھی لیکن بھارت نے پاکستان آنے سے صاف انکار کردیا تھا جس کے بعد ہائبرڈ ماڈل کے تحت بھارت کے تمام میچز سری لنکا میں شیڈول کیے گئے تھے، جہاں کولمبو میں کھیلے گئے فائنل میں بھارت نے آسانی سے سری لنکا کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا تھا۔

پاکستان اس چیمپئنز ٹرافی میں دفاعی چیمپئن کے طور پر شریک ہوگا، آخری بار چیمپئنز ٹرافی 2017 میں ہوئی تھی جو پاکستان نے سرفراز احمد کی قیادت میں جیتی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button