پاکستان

آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سمیت 2 ہزار سے زائد کیس آئندہ ہفتے سماعت کیلئے مقرر

سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع اور آڈیو لیکس کمیشن کی تشکیل سمیت مجموعی طور پر 2 ہزار سے زائد مقدمات آئندہ ہفتے سماعت کے لیے مقرر کردیے۔

سپریم کورٹ کے جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بینچ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے خلاف درخواست پر سماعت 20 نومبر کو کرے گا۔

اس کے علاوہ آڈیو لیکس کمیشن کی تشکیل کے خلاف درخواست پر سماعت 21 نومبر کو کرے گا۔

جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں آئینی بینچ جسٹس جمال خان مندو خیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس عائشہ ملک، جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس نعیم اختر افغان پر مشتمل ہوگا۔

واضح رہے کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے خلاف درخواست محمود اختر نقوی نے دائر کر رکھی ہے جب کہ آڈیو لیکس کمیشن کی تشکیل کے خلاف درخواست پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور دیگر کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button