عمران خان کے امریکا مخالف بیانات پر معذرت سے متعلق خط پر پی ٹی آئی کا ردعمل
پاکستان تحریک انصاف امریکا نے میڈیا پر زیر گردش عمران خان کے امریکا مخالف بیانات پر معذرت سے متعلق زیر گردش خط کو جعلی اور عمران خان کی کردارکشی قرار دیدیا۔
خط میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ لابنگ فرم کی خدمات لے کر پی ٹی آئی امریکا سے تعلقات بہتر کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور اپنے لیڈروں کے امریکا مخالف سابقہ بیانات پر معذرت کی طلبگار ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے دنیا بھر میں تمام چیپٹرز کی نمائندہ تنظیم آرگنائزیشن آف انٹرنیشنل چیپٹر کے سیکرٹری سجاد برکی نے جیو نیوز کے نمائندے سے بات کرتے ہوئے میڈیا میں زیرگردش خط کو فیک نیوز قراردیا۔
سجاد برکی نے کہا کہ امریکا میں پی ٹی آئی نے لابنگ فرم کی خدمات نہیں لیں بلکہ فینٹین آرلوک ایل ایل سی نامی واشنگٹن میں قائم پرسنل ریلیشنز فرم کی خدمات لی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ یکم جولائی 2022 کو انہی کے نام سے جاری اصل خط کی کاپی دکھاتے ہوئے سجاد برکی نے کہا کہ یہ کمیونیکیشن کنٹریکٹ صرف 6 ماہ کا تھا جو دسمبر سن 2022 میں ختم ہوچکا۔ اس میں واضح ہے کہ کنٹریکٹ میں پاکستان میں سیاسی جماعت کی حیثیت سے رجسٹرڈ پاکستان تحریک انصاف یعنی پی ٹی آئی شامل نہیں خط میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی یو ایس اے انکارپوریشن کیلئے فینٹین آرلوک پبلک ریلیشز سروس کا کام انجام دے گی جس میں صحافیوں تک معلومات پہنچانا، آرٹیکلز کی اشاعت،پی ٹی آئی کے نمائندوں یا ہمدردوں کے انٹرویوز کا اہتمام، سوشل میڈیا کیلئے مشاورت کرنا اور ایسے ہی دیگر امور شامل ہوں گے۔
ان خدمات کیلئے فینٹین آرلوک کو 25 ہزار ماہانہ اور دیگر اخراجات کی مد میں ادائیگی کی جائے گی، ساتھ ہی فرم کو بعض امور میں پی ٹی آئی یو ایس اے کا پابند کیا گیا تھا۔
ان امور میں سرفہرست یہ امر تھا کہ فینٹین اپنے اس کلائنٹ کی منظوری کے بغیر کوئی بھی بڑی سرگرمی یا کسی سے کمٹمنٹ نہیں کرے گی۔
عالمی امور پر عمران خان کے مشیر عاطف خان نے بتایا کہ پی ٹی آئی یو ایس اے نے 7 نومبر کو فینٹین آرلوک سے کوئی معاہدہ نہیں کیا، دوسرے فینٹین لابنگ فرم ہے ہی نہیں، پی ٹی آئی یو ایس اے پر عمران خان کیلئے ہمدردیاں سمیٹنے اور قومی امور پر سودے بازی کا الزام بے بنیاد ہے۔