انتخابات

ضمنی بلدیاتی الیکشن: کراچی میں پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کے حامیوں کے درمیان ہاتھاپائی

کراچی کے علاقے گزری میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کے دوران میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حامی گتھم گتھا ہوگئے۔

مرتضیٰ وہاب کراچی کے علاقے گزری میں ووٹ ڈالنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے جب دونوں پارٹیوں کے حامیوں کی جانب سے نعرے بازی کے دوران ہاتھا پائی ہوگئی۔

ویڈیو میں دونوں پارٹیوں کے کارکنوں کو آپس میں گتھم گتھا اور ایک دوسرے کو دھکے دیتے ہوئے دیکھا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا لوگوں کو اشتعال دلانا اور ان کو سڑکوں پر لانا حل نہیں، ملکی مسائل کا حل پارلیمان ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’ لوگوں کو اشتعال دلانے کے بجائے ہمیں سنجیدگی سے ساتھ مل بیٹھ کر مسائل حل کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ سیاسی مسائل مصلحت سے حل کیے جاتے ہیں۔’

صوبائی دارالحکومت میں 10 خالی نشستوں کے لیے 68 امیدوار میدان میں ہیں جبکہ ضمنی بلدیاتی الیکشن کے لیے 168 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔

شہر میں خالی ہونے والی نشستوں میں یوسی 9 ملیر ٹاؤن کے چیئرمین، جنرل ممبر وارڈ 4 یوسی 7 ابراہیم حیدری ٹاؤن، جنرل ممبر وارڈ 1 یوسی 7 کورنگی ٹاؤن، یو سی 7 ماڈل کالونی ٹاؤن کے چیئرمین، چیئرمین یوسی 7، ماڈل کالونی ٹاؤن کے چیئرمین شامل ہیں۔

اس کے علاوہ یوسی 6 لانڈھی ٹاؤن کے چیئرمین، یوسی 5 یاسین آباد گلبرگ ٹاؤن کے وائس چیئرمین، چیئرمین یوسی 7 لیاقت آباد ٹاؤن، چیئرمین UC-13 صدر، جنرل ممبر وارڈ-4 UC-10 بلدیہ ٹاؤن اور جنرل ممبر وارڈ-4 UC-5 منگھوپیر ٹاؤن کی نشستیں بھی خالی ہیں۔

شہر کے ان حلقوں میں 2 لاکھ 95 ہزار 700 سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز ہیں جس میں 1 لاکھ 57 ہزار 600 سے زائد مرد اور تقریباً 1 لاکھ 37 ہزار 800 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔

لیاقت آباد کے تمام 31 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دے دیا گیا ہے، یوسی 9 ٹی ایم سی ملیر میں قائم 11 پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس قرار دیے گئے ہیں اور یوسی 8 ٹی ایم سی ماڈل کالونی میں قائم 21 پولنگ اسٹیشن حساس قرار دیے گئے ہیں، یوسی 13 ٹی ایم سی صدر میں 7 پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس، 5 حساس اور 5 نارمل قرار دیے گئے ہیں۔

حساس پولنگ اسٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشن پر 16 سے 18 پولیس اہلکار تعینات ہیں جب کہ حساس پولنگ اسٹیشنوں پر 8 سے 12 اہلکار تعینات کئے گئے ہیں، پولنگ کا آغاز صبح 8 بجے ہوا جو شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ خالی بلدیاتی نشستوں کے ضمنی انتخاب کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے شیڈول جاری کیا تھا جس کے مطابق پولنگ 14 نومبر کو ہوگی۔

نوٹی فیکیشن کے مطابق کراچی میں 4 چیئرمین، 2 وائس چیئرمین اور 4 وارڈ کونسلر کی نشستوں پر ضمنی انتخاب ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button