حرام سے بہتر ہے کہ مرد چار شادیاں کرے
اداکارہ حرا سومرو نے کہا ہے کہ حرام کاموں سے بہتر ہے مرد چار شادیاں کرے، کیوں کہ خدا نے بھی انہیں اجازت دی ہے، اس میں خواتین کو مسئلہ نہیں ہونا چاہیے۔
حرا سومرو نے حال ہی میں ایف ایچ ایم پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔
ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے کہا کہ اگر کسی مرد کے پاس استطاعت ہے اور وہ سب کے ساتھ انصاف بھی کریں گے تو وہ بلاشک چار شادیاں کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر مرد کو ان کی صحت، جسم اور مالی حالات اس بات کی اجازت دیتے ہیں اور وہ سمجھتا ہے کہ وہ سب کے ساتھ انصاف بھی کر پائیں گے تو انہیں ایک سے زائد شادیاں کرلینی چاہیے، وہ چار شادیاں بھی کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مردوں کی ایک سے زائد شادیوں پر بیویوں کو تکلیف نہیں ہونی چاہیے، انہیں قانونی اور مذہبی طور پر شادیوں کی اجازت ہے تو انہیں شادیاں کرنے دی جائیں۔
اداکارہ کے مطابق اگر کوئی مرد خود کو روک نہیں پا رہا، اس کی نیت اور ذہن ایسا ہے تو حرام کام سے بہتر ہے کہ اسے شادیاں کرنے دی جائیں۔
حرا سومرو نے کہا کہ اگر کوئی مرد تنہائی میں خراب فلمیں، خراب تصاویر اور دوسرے خراب کام کرتا ہے اور وہ خود کو روک نہیں پاتا تو انہیں شادیاں کرنے کی اجازت ہونی چاہیے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہ انہیں شوہر کی دوسری شادی سے کوئی مسئلہ نہیں ہوگا، کیوں کہ ان کی اپنی اور شوہر کی اپنی زندگی ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ آج کل کی خواتین ہر کام کرنا چاہتی ہیں، وہ خود کمانا بھی چاہتی ہیں، گھر بھی چلانا چاہتی ہیں اور شوہروں کو بھی اپنی مرضی کے کام نہیں کرنے دینا چاہتیں۔
ان کے مطابق اگر وہ کام کریں گی، بچوں کی دیکھ بھال اور پرورش کریں گی تو وہ شوہر پر نظر نہیں رکھ سکتیں، وہ انہیں چھوڑ کر اپنے کیریئر، گھر اور بچوں پر توجہ دیں گی۔
اداکارہ نے اسی شو میں بات کرتے ہوئے کہا کہ شادی کے بعد بھی کسی دوسرے شخص سے متعلق سوچنا یا خیال کرنے میں کوئی برائی نہیں، غلط تب ہوگا جب کوئی گناہ کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ گناہ سے متعلق سوچنے اور گناہ کرنے میں فرق ہوتا ہے، اگر کوئی شادی کے بعد بھی غلط کام کرے گا تو اسے گناہ کا عذاب ملے گا۔
حرا سومرو کی جانب سے مردوں کو چار شادیوں کی اجازت دینے کی بات پر سوشل میڈیا صارفین نے دلچسپ تبصرے کرتے ہوئے جہاں اداکارہ کی بات سے اتفاق کیا، وہیں بعض افراد نے انہیں آڑے ہاتھوں بھی لیا۔