پاکستان

سیکیورٹی فورسز کی ضلع بنوں اور ژوب میں کامیاب کارروائیاں، 9 خوارج ہلاک، 8 زخمی

سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں خفیہ اطلاع پر کامیاب آپریشن کرتے ہوئے 8 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک اور 7 کو زخمی کردیا، جبکہ بلوچستان کے ضلع ژوب میں بھی آپریشن کے دوران ایک خارجی ہلاک اور ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ضلع بنوں کے علاقے بکاخیل میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا، آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے 8 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک اور 7 کو زخمی کردیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں میجر عاطف خلیل بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے، شہید میجر عاطف خلیل کا تعلق آزاد کشمیر سے تھا۔

بیان کے مطابق میجر عاطف خلیل شہید کی عمر 31 سال تھی، انہوں نے 8 سال سے زائد عرصے تک دفاع وطن کا مقدس فریضہ سرانجام دیا، میجر عاطف خلیل شہید کے سوگواران میں والدین، بہن بھائی، اہلیہ اور ایک بیٹی شامل ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ آپریشن میں 2 جوانوں ضلع کرک سے تعلق رکھنے والے نائیک آزاد اللہ اور ضلع لیہ سے تعلق رکھنے والے لانس نائیک غضنفر عباس نے بھی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ علاقے میں مزید خوارج کی موجودگی پر کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور شہدا کی قربانیاں ہمارے حوصلے بلند کرتی ہیں۔

اس کے علاوہ سیکیورٹی فورسز نے 29 اور 30 اکتوبر کی درمیانی شب ژوب کے جنرل ایریا سمبازا میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز اور خارجیوں میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں ایک خارجی مارا گیا اور ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ خوارج سے بڑی تعداد میں اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے جبکہ علاقے کو خوارج سے پاک کرنے کے لیے آپریشن جاری ہے۔

جواب دیں

Back to top button