بین الاقوامی

حزب اللّٰہ کا اسرائیل کیخلاف جنگ جاری رکھنے کا عزم

لبنان کی مزاحمتی تنظیم  حزب اللّٰہ نے سربراہ حسن نصر اللّٰہ کی شہادت کی تصدیق کردی اور اسرائیل کے خلاف جنگ جاری رکھنے کا عزم کیا ہے۔

حزب اللّٰہ نے تصدیق کی ہے کہ سربراہ حسن نصر اللّٰہ شہید ہوگئے۔ حزب اللّٰہ کے لبنانی چینل المنار پر حسن نصراللّٰہ کی شہادت کا اعلان کیا گیا۔

حزب اللّٰہ کی طرف سے بھی اسرائیل پر حملے جاری ہیں، حزب اللّٰہ نے رات گئے اسرائیل پر 65 راکٹ فائر کیے جس سے کئی مقامات پر آگ لگ گئی۔

میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اسرائیلی شہر تل ابیب میں حملوں کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے اور فضائی دفاعی نظام ہائی الرٹ کر کے شیلٹرز کھول دیے گئے ہیں۔

ادھر یمنی فوج نے بھی بحیرۂ احمر میں 3 امریکی جنگی جہازوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

ترجمان یمنی افواج کا کہنا ہے کہ حملے میں 3 امریکی ڈسٹرائیرز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

صیہونی مجرم جان لیں وہ حزب اللّٰہ کو کوئی بڑا نقصان نہیں پہنچا سکتے، خامنہ ای

اس سے قبل ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کا کہنا تھا کہ صیہونی مجرم جان لیں وہ حزب اللّٰہ کو کوئی بڑا نقصان نہیں پہنچا سکتے۔

 اپنے بیان میں آیت اللّٰہ علی خامنہ ای نے کہا کہ خطے کی تقدیر کا تعین مزاحمتی قوتوں کے ذریعے کیا جائے گا جن میں حزب اللّٰہ سب سے آگے ہے۔ خطے کی تمام مزاحمتی قوتیں شانہ بشانہ کھڑی ہیں اور حزب اللّٰہ کی حمایت کرتی ہیں، تمام مسلمانوں پر فرض ہے وہ لبنان کے لوگوں اور حزب اللّٰہ کے ساتھ کھڑے ہوں اور مدد کریں۔

آیت اللّٰہ علی خامنہ ای نے مزید کہا کہ صیہونی حکومت کے حکمران دہشتگرد گروہ نے غزہ میں جاری مجرمانہ جنگ سے کوئی سبق نہیں سیکھا ہے۔

امریکا کو بیروت حملے کا علم نہیں تھا: جو بائیڈن

علاوہ ازیں امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ امریکا کو گزشتہ روز ہوئے بیروت حملے کا کوئی علم نہیں تھا نہ کوئی شراکت تھی۔

جو بائیڈن نے پینٹاگون کو خطے میں امریکی فوجی پوزیشن کو دیکھنے کا حکم دیتے ہوئے ضرورت کے مطابق ایڈجسٹ کی ہدایت کر دی ہے۔

جواب دیں

Back to top button