یمن سے داغا گیا میزائل فضا میں تباہ کر دیا، اسرائیلی فوج

اسرائیلی فوج نے اعلان کیا ہے کہ اس نے آج جمعے کو علی الصباح یمن کی سمت سے داغا جانے والا ایک میزائل فضا میں کامیابی کے ساتھ تباہ کر دیا۔ میزائل روکنے کے نتیجے میں دھماکا ہوا اور اس کے ٹکڑے زمین پر گرے۔
اسرائیلی فوج نے سلسلہ وار بیانات میں بتایا کہ "وسطی اسرائیل کے متعدد علاقوں میں خطرے کے سائرنوں کے بجنے کی وجہ یمن سے داغا جانے والا میزئل تھا … زمین سے زمین تک مار کرنے والے اس میزائل کو فضائی دفاعی نظام ‘Arrow’ کی مدد سے روکا گیا”۔
العربیہ / الحدث کے نمائندے کے مطابق تل ابیب کی سمت راکٹوں کی بوچھار کی گئی جن کی آوازیں بیت المقدس تک سنی گئیں۔ ان میں کم از کم دو راکٹوں کو روک لیا گیا۔
اس سے قبل اسرائیلی فوج نے جمعرات کے روز بتایا تھا کہ اس کی فضائیہ نے 24 گھنٹے کے اندر لبنان میں حزب اللہ کے 220 اہداف پر بم باری کی۔ ان اہداف میں بنیادی ڈھانچے کے مقامات، لانچرز جہاں سے اسرائیل کی سمت راکٹ داغے جا چکے ہیں، حزب اللہ کے عناصر اور لبنان میں ان کے ہتھیاروں کے گودام شامل ہیں۔
واضح رہے کہ تل ابیب نے حزب اللہ کے ساتھ 21 روز کی جنگ بندی کی تجویز مسترد کر دی۔ یہ تجویز کئی ممالک نے پیش کی تھی جن میں امریکا نمایاں ترین ہے۔
ادھر لبنانی وزارت صحت نے جمعرات کے روز اعلان میں بتایا کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں 92 افراد ہلاک اور 153 زخمی ہو گئے۔
اسرائیل کی جانب سے پیر کے روز حزب اللہ کے خلاف خصوصی آپریشن شروع ہونے کے بعد سے لبنان کے مختلف حصوں کو شدید فضائی بم باری کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اسرائیل اور حزب اللہ کے درماین جاری لڑائی کا آغاز گذشتہ برس سات اکتوبر کو غزہ کی پٹی میں جنگ چھڑنے کے بعد ہوا تھا







