بھارت نے چین کو شکست دیکر 5ویں بار ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی جیت لی
ایشین ہاکی چیپمئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارت نے چین کو صفر کے مقابلے میں ایک گول شکست دے کر مسلسل دوسری مرتبہ ٹائٹل جیت لیا۔
چین کے شہر ہولن بیئر میں کھیلے گئے فائنل میں دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوا، بھارت کے جوگراج سنگھ نے چوتھے کوارٹر میں گول داغ کر اپنی ٹیم کو سبقت دلائی جو کھیل کے اختتام تک برقرار رہی۔
پاکستانی ٹیم ایونٹ میں تیسرے نمبر رہی، قومی ٹیم نے جنوبی کوریا کو 2-5 سے شکست دے کر کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔
تیسری پوزیشن کے میچ میں پاکستان نے کوریا کے خلاف 5 گول اسکور کیے، پاکستان کی جانب سے سفیان خان اور حنان شاہد نے 2، 2 اور رومان نے ایک گول اسکور کیا۔
گزشتہ روز ایونٹ کے سیمی فائنل میں چین نے پاکستان کو شکست دے کر پہلی مرتبہ ایشین ہاکی چیمپینز ٹرافی کے فائنل میں جگہ بنائی تھی۔
گرین شرٹس کو اپنے پانچویں اور پول کے آخری میچ روایتی حریف بھارت نے 1-2 سے شکست دی تھی۔