Blog

قرض اور پینشن ملک کو لے ڈوبیں گے، شبلی فراز

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ قرض اور پینشن ملک کو لے ڈوبیں گے، پی ٹی آئی اس بجٹ کو زہر قاتل سمجھتی ہے۔

سینیٹ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ موجودہ حکومت جائز نہیں، یہ جیسے بنی سب کو معلوم ہے، بجٹ اس حکومت کی عکاسی کرتا ہے جو جائز نہیں، بجٹ میں معاشی ویژن نظر نہیں آتا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو بھکاری بنا دیا ہے، اس سے جان چھرانے کی کوشش نہیں کی گئی، 50 سال کے سفر میں گاڑی ان دو سیاسی جماعتوں اور آمروں کے ہاتھ میں تھی۔

شبلی فراز کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کا اس میں کوئی ہاتھ نہیں کیونکہ ہم 2018ء میں آئے، عوام اور پی ٹی آئی ایک طرف کھڑے ہیں، اشرافیہ اور ناجائز حکومت دوسری طرف کھڑی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ تنخواہ دار طبقے پر مزید ٹیکس لگا دیا گیا، جو زیادہ تنخواہ لیتے ہیں ان پر ٹیکس کم کر دیا ہے، 50 ہزار سے کم اجرت والوں کا تو جینا ہی حرام ہو گیا۔

ان کا کہنا ہے کہ اشرافیہ اور یہ دو سیاسی جماعتوں نے عوام کا خون ہی چوسا ہے، برآمدات کو بھی نارمل ٹیکس میں لے آئے ہیں، آئی ٹی ایکسپورٹس پر وار کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے ہمیں طعنہ دیا ہے کہ پہلے ہم بم ہاتھ میں لیکر پھرتے تھے اور اب کشکول، ہمارے وزیرِ اعظم اور حکومت کو مودی کے بیان پر شائد ہی تکلیف ہوئی ہو۔

شبلی فراز کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایسے سیکٹر پر ٹیکس لگا جس سے معیشت مزید پیچھے جائے گی، بجٹ آمدن کا ہدف خوش خیالی پر مبنی ہے، پینشن 809 ارب تک پہنچ گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button