سپیشل رپورٹ

کراچی: گٹر میں گر کر مرنے والے بچے کی لاش ایک سال سے نہ مل سکی، قیامت خیز کہانی

کراچی میں ڈھکنوں کے بغیر گٹر کیا قیامت برپا کر رہے ہیں برطانوی نشریاتی ادارے کی ہلا کر رکھ دینے والی رپورٹ نے تہلکہ مچا دیا ہے۔ رپورٹ میں کراچی کے ایسے خاندانوں کے انٹرویو کیئے گئے ہیں جن کے بچے یا کوئِی بڑا گٹروں میں گر کر ہلاک ہوئے اور ان میں سے سب سے دردناک کہانی ایسے خاندان کی ہے جس کے بچے کی لاش ایک سال سے زائد عرصے کے باوجود نہیں مل سکی۔ رپورٹ کے مطابق ایک دن بینش عاطف کے دونوں بیٹے اپنے معمول کی طرح کرکٹ کھیلنے عمارت سے نیچے گلی میں گئے۔ مگر اس بار 15 منٹ کے بعد ہی ان کا بڑا بیٹا دوڑتا ہوا آیا اور بولا ’امی! ابیہان گٹر میں گر گیا ہے۔‘

کراچی کے علاقے گلشن اقبال 13 ڈی کی رہائشی بینش کے بڑے بیٹے نے بتایا کہ ابیہان ہاتھ ہلا کر مدد کے لیے پکار رہا تھا لیکن کسی نے ان کی مدد نہیں کی۔

2023 میں ان کے چھ سالہ بیٹے ابیہان ایک کُھلے گٹر میں گر گئے تھے۔ واقعے کو ایک سال گزر چکا ہے مگر اس کے باوجود بینش عاطف اور ان کے شوہر عاطف الدین کسی معجزے کے منتظر ہیں۔

بینش کہتی ہیں کہ ’ابھی تک لاش نہیں ملی۔ دل میں سکون ہی نہیں۔ بس بے چینی ہے، جیسے وہ واپس آئے گا۔‘کراچی میں ہر سال متعدد افراد گٹروں میں گِر کر ہلاک یا زخمی ہو جاتے ہیں۔ مقامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق رواں سال کے چار ماہ کے دوران کم از کم 15 افراد گٹروں اور نالوں میں گِر کر ہلاک ہوئے جبکہ گذشتہ سال یہ تعداد 60 سے زائد تھی۔ اکثر اموات کہ وجہ گٹروں پر ڈھکن نہ ہونا تھی۔

اس دن کو یاد کرتے ہوئے ابیہان کے والد عاطف الدین بتاتے ہیں کہ کئی گھنٹوں کے بعد ریسکیو والے آئے لیکن ان کو معلوم ہی نہیں تھا کہ گٹر لائن کہاں جاتی ہے۔

انھوں نے چند گھنٹوں کے بعد ریسکیو آپریشن بند کر دیا۔ جب انھوں نے پڑوسیوں کے ساتھ مل کر علاقے میں احتجاج کیا تو آپریشن دوبارہ شروع ہوا اور سڑک کھودی گئی۔ لیکن ابیہان کا پتہ نہیں چل سکا۔

عاطف اور بینش آج بھی اس تکلیف اور غم میں مبتلا ہیں۔ ان کا سوال ہے کہ ان کا بچہ گٹر میں گرنے سے ’لاپتہ ہوا یا قتل؟‘

’میرے بچے کو ڈھونڈ کر دیں یا تو بتا دیں کس قبرستان میں جا کر ڈھونڈوں۔‘ ان کا خیال ہے کہ اگر یہ قتل ہے تو اس کے ذمہ دار وہ ادارے ہیں جن کی غفلت کی وجہ سے گٹر کھلے رہتے ہیں۔ مئی 2023 کو ابیہان کے گٹر میں گرنے کے بعد یہ سلسلہ رُکا نہیں بلکہ جاری رہا۔

گلشن اقبال 13 ڈی سے 23 کلومیٹر دور واقع شاہ لطیف ٹاؤن میں ایک دوسرے واقعے میں رواں سال مارچ کے دوران تین سالہ بچہ محسن گٹر میں گِر کر ہلاک ہوا۔

رخسانہ لاشاری کے چار بچے تھے لیکن اب صرف تین بچے ہیں۔ وہ دوپہر کو دو بجے کے قریب سامان لینے نکلا تھا اور شام کو گٹر میں تیرتی ان کی لاش ملی تھی۔

ملیر کی شاہ لطیف ٹاؤن کی رہائشی رخسانہ لاشاری بتاتی ہیں کہ ’محسن گھر میں کھیل رہا تھا اور کھیلتے کھیلتے اس نے چیز کے لیے دس روپے مانگے۔ وہ اس وقت گھریلو کام کاج میں مصروف تھیں۔ اسی دوران وہ گھر سے باہر نکل گیا۔‘

’میں نے اس کی بہن کو کہا کہ دیکھو بھائی کہاں چلا گیا ہے۔ اس نے یہاں وہاں دیکھا جس کے بعد خود نکل کر دیکھا تو میرا بیٹا کسی بھی گلی میں نہیں تھا۔ اس کی پھوپھی بھی ڈھونڈ رہی تھیں۔‘

اس دوران اس کی ’پھوپھی کا پیر پھسلا تو اس نے گٹر میں لال کپڑا دیکھا۔ اس نے مجھے کال کی کہ ’بھابھی مُنے نے کون سے رنگ کے کپڑے پہنے ہوئے ہیں۔ میں نے بتایا کہ لال شرٹ اور بادامی پینٹ ہے۔‘

انھیں گٹر میں ہاتھ چلانے پر محسن کی لاش ملی جسے فوراً وہاں سے نکلا گیا۔

محسن جس گٹر میں گرے وہ گلی کے بالکل درمیان میں واقع تھا۔ اس واقعے کے بعد مقامی لوگوں نے اس گٹر کو بند تو کر دیا مگر اسی گٹر سے صرف دس قدم دور ایک اور گٹر واقع ہے جو تین فٹ چوڑا اور دس فٹ گہرا تھا۔

بچہ تو کیا، اگر کوئی بڑا شحص بھی اس میں گِر جائے تو اس کا وہاں سے نکلنا مشکل ہوگا۔ صرف اسی علاقے میں درجنوں گٹر موجود ہیں جن پر ڈھکنوں کا نام و نشان تک نہ تھا۔

رخسانہ لاشاری کا کہنا تھا کہ ان کے بیٹے کی ہلاکت کے بعد بھی شاہ لطیف ٹاؤن میں گٹر ابھی تک بند نہیں ہوئے ہیں۔ ’حکام مہربانی کر کے انھیں بند کرائیں کیونکہ میرا بیٹے چلا گیا۔ اس کا دُکھ درد کیا ہے، وہ تو مجھے ہی پتہ ہے۔‘

جواب دیں

Back to top button