
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شعیب شاہین نے کہا ہے کہ جب تک سزائیں معطل نہ ہوں، نوازشریف اشتہاری مجرم ہیں، جسے جیل حکام کے سامنے سرینڈر کرنا ہے۔
نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں انہوں نے کہا عدالت کے سامنے سرینڈر کرنے کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔
پروگرام میں بات کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے کہا کہ ایک شخص جوعدالت کے سامنے پیش ہو گیا تو وہ اشتہاری کیسے ہوگیا؟
انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلے میں لکھا ہے کہ نوازشریف عدالت کے سامنے سرینڈر کریں گے، یہ نہیں لکھا کہ وہ جیل حکام کے سامنے سرینڈر کریں گے۔
خیال رہے کہ نواز شریف نے توشہ خانہ ریفرنس میں اسلام آباد کی احتساب عدالت کے سامنے سرینڈر کردیا، جس پر عدالت نے نواز شریف کے دائمی وارنٹ منسوخ کر دیے۔
ادھرپنجاب کی نگران حکومت نے العزیزیہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی سزا معطل کردی۔
نگران پنجاب کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے سزا معطلی کی منظوری دی ہے، نگران وزیر اطلاعات عامر میر نے نواز شریف کی سزا معطلی کی تصدیق کر دی ہے۔
عامر میرکے مطابق نگران کابینہ نے آئینی اختیارات استعمال کرتے ہوئے سزا معطل کی، کرمنل پروسیجرل کوڈ کے سیکشن 401 کے تحت نواز شریف کی سزا معطل کی گئی ہے۔