سپیشل رپورٹ

کیا آئی ایس آئی کی کمان جلد تبدیل ہونے جارہی ہے؟

ملک میں اس وقت نئی تبدیلیوں کی شنید ہے۔ بظاہر لگ رہا ہے کہ عمران خاں ہر کیس میں سے نکلتے جا رہے ہیں، لیکن اب لگتا ہے کہ انکی آزمائش لمبی ہونے جارہی ہے۔ لیکن اس سے قطع نظر خبر یہ ہے ملک کے سب سے طاقتور ادارے آئی ایس آئی کی ہائی کمان کے چہرے شاید اب بدلنے والے ہیں۔ یہ انکشاف کیا ہے ملک کے معروف صحافی نجم سیٹھی نے۔ وہ کہتے ہیں کہ آنے والے دنوں میں پاک فوج میں تین اہم پوزیشنز پر تبدیلیاں ہونے جا رہی ہیں اور ان کے لیے تیاریاں بھی ہو چکی ہیں۔ ایک اہم کور کمانڈر تبدیل ہوں گے اور ان کی جگہ لینے کے لیے آئی ایس آئی سے ایک اعلیٰ افسر کو وہاں بھجوایا جائے گا۔ ان کے علاوہ آئی ایس آئی کے ایک اور طاقتور افسر کو بھی نئی جگہ تعینات کیا جائے گا۔
سماء ٹی وی کے پروگرام ‘سیٹھی سے سوال’ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پاک فوج میں ان تین بڑے عہدوں پر نئی تقرریاں ہونے کے بعد ملکی سیاسی منظرنامے میں بھی تبدیلی رونما ہو گی کیونکہ نئے افسران آ کر نیا پلان بنائیں گے۔ پرانے لوگوں کے بنائے ہوئے پلان یا تو فیل ہوتے ہیں یا پھر کامیاب ہو جاتے ہیں۔ اگر تو یہ پلان کامیاب ہو جائیں تو پھر ان لوگوں کو انہی عہدوں پر برقرار رکھا جاتا ہے لیکن اگر یہ پلان ناکام ہو جائیں تو ذمہ دار افسران کو ادھر ادھر کر دیا جاتا ہے۔ حالیہ تبدیلی بھی بظاہر اسی جانب اشارہ ہے کہ پرانا پلان کامیاب نہیں ہوا۔ ہ آئی ایس آئی میں اہم عہدے پر جو نئے افسر آئیں گے ظاہر ہے وہ ٹیم بھی اپنی مرضی کی بنائیں گے۔ اس کے باعث کچھ اور لوگ بھی آئی ایس آئی سے ہٹائے جائیں گے۔ اہم پوزیشنز پر جب نئے لوگ تعینات ہوتے ہیں تو پھر پلان بھی نیا بنتا ہے۔ نئے لوگ آ ہی اس لیے رہے ہیں کیونکہ فوج کا پرانا پلان بظاہر فیل ہو چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ابھی اس بارے میں حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا کہ یہ نیا پلان کس طرح کا بنے گا۔ ہو سکتا ہے پہلے سے زیادہ سختی نظر آئے تاہم اس بارے میں وثوق سے تب ہی تبصرہ کیا جا سکے گا جب نئے افسران نئی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔ فی الحال یہ طے ہو چکا ہے کہ تین اہم پوزیشنز پر نئے لوگ تعینات کیے جا رہے ہیں۔ نجم سیٹھی نے سہیل وڑائچ کے غائب شدہ ایک کالم میں برتی جانے والی اصطلاحات کا سہارہ لیتے ہوئے ہوئے کہا کہ کالم کے تناظر میں بارہ سنگھے اور لومڑ میں جاری اختلافات سے متعلق سوال ہوا تو انہوں نے بتایا کہ ان دونوں میں سے ایک کو تبدیل کر کے آرمی چیف کی قریبی پوزیشن سے اور بھی قریبی جگہ پر کور کمانڈر لگا دیا جائے گا اور ادارے کے اندر بیلنس رکھنے کے لیے دوسرے افسر کو بھی ان کی پوزیشن پر نہیں رہنے دیا جائے گا۔ معروف ویب سائٹ نیا دور کے مطابق نجم سیٹھی نے اگرچہ دونوں اعلیٰ فوجی افسران کے نام نہیں لیے تاہم سہیل وڑائچ کے دیے ہوئے ناموں کو استعمال کرتے ہوئے جیسے انہوں نے بات کی تو اس سے یہی عندیہ ملتا ہے کہ آنے والے دنوں میں ڈی جی آئی ایس آئی جنرل ندیم انجم اور ڈی جی سی جنرل فیصل نصیر دونوں کو آئی ایس آئی سے ہٹا کر دوسری جگہوں پہ تعینات کر دیا جائے گا۔ ان میں سے ایک اعلیٰ افسر کور کمانڈر بنیں گے اور امکان ہے کہ یہ افسر جنرل ندیم انجم ہوں گے۔

جواب دیں

Back to top button