
فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت پر پنجاب حکومت نے طبی عملہ اور دوائیں بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نگراں وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر جاوید اکرم کا کہنا ہے کہ فلسطین میں سب سے زیادہ ضرورت میڈیکل کیئر کی ہے، طبی عملہ بھیجنے کے لیے کمیٹی قائم کردی ہے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں زخمیوں کے علاج کے لیے ڈاکٹر، نرسز وہاں جائیں گے، ہمیں صرف وفاقی حکومت کے جواب کا انتظار ہے۔
ڈاکٹر جاوید اکرم کا کہنا ہے کہ فلسطینی سفیر کو طبی عملے، دوائیں بھیجنے کی پیشکش سے آگاہ کردیا ہے، کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے زیر انتظام ادویات بینک قائم کیا جارہا ہے۔
نگراں وزیر صحت نے کہا کہ میو اسپتال میں فلسطینی شہریوں کے لیے بلڈ بینک قائم کیا جارہا ہے، ہم خود وہاں پہنچ کر زخمیوں کا علاج کریں گے۔
واضح رہے کہ اسرائیلی جارحیت میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 5 ہزار 87 ہوگئی ہے۔
فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ شہید فلسطینیوں میں 2 ہزار 55 بچے اور ایک ہزار 119 خواتین شامل ہیں، زخمی فلسطینیوں کی تعداد 15 ہزار 273 ہوگئی ہے۔
وزارت صحت کا بتانا ہے کہ اسرائیلی حملوں اور ایندھن کی قلت کے باعث 12 اسپتال اور 32 مراکز صحت بند ہیں، 830 بچوں سمیت تقریباً 1500 افراد اب بھی عمارتوں کے ملبے تلے دبے ہیں۔
اسرائیلی حملوں میں 57 طبی اہلکار جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں اسرائیلی حملوں میں 436 فلسطینی شہید ہوئے ہیں جن میں 182 بچے بھی شامل ہیں۔