پاکستانخبریں

فوجی عدالتوں میں سویلینز کا ٹرائل شروع، حکومت نے سپریم کورٹ کو آگاہ کردیا

سانحہ 9 مئی سے متعلق فوجی عدالتوں میں سویلینز کا ٹرائل شروع ہوگیا اور اس سلسلے میں وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ کو آگاہ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے عدالت کو متفرق درخواست میں سویلینز کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل سے متعلق  آگاہ کیا ہے۔

وفاقی حکومت کی متفرق درخواست کے مطابق 9 اور 10 مئی کے واقعات کی روشنی میں 102 افراد گرفتار کیے گئے، گرفتار کیے گئے افراد کے انصاف کے حق کیلئے فوجی عدالتوں میں ٹرائل شروع کیا گیا ہے، زیر حراست افراد کے مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے ٹرائل کیا جا رہا ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ فوجی عدالتوں میں ٹرائل میں جو قصور وار ثابت نہیں ہو گا وہ بری ہو جائے گا، فوجی عدالتوں میں ہونیوالا ٹرائل سپریم کورٹ میں جاری مقدمے کے فیصلے سے مشروط ہوگا اس واقعات میں ملوث جو افراد جرم کے مطابق قید کاٹ چکے انہیں رہا کر دیا جائے گا۔

متفرق درخواست میں کہا گیا کہ فوجی ٹرائل کے بعد سزا یافتہ قانون کے مطابق سزاؤں کیخلاف متعلقہ فورم سے رجوع کر سکیں گے۔

درخواست کے مطابق سپریم کورٹ کے 3 اگست کے حکم نامےکی روشنی میں عدالت کو ٹرائلزکے آغاز سے مطلع کیا جارہا ہے، فوجی تحویل میں لیے گئے  افراد کوپاکستان آرمی ایکٹ 1952 اورآفیشل سیکرٹ ایکٹ 1923 کے تحت گرفتارکیا گیا تھا، گرفتار افراد جی ایچ کیو راولپنڈی اور کورکمانڈر ہاؤس لاہورپر حملے میں ملوث ہیں، گرفتار افراد پی اے ایف بیس میانوالی، آئی ایس آئی سول لائنز فیصل آباد پرحملے میں بھی ملوث ہیں۔

درخواست کے مطابق گرفتار افراد حمزہ کیمپ، بنوں کیمپ اورگوجرانوالہ کیمپ پرحملے میں ملوث ہونے پرتحویل میں ہیں۔

جواب دیں

Back to top button