مانچسٹر ایئرپورٹ بند، خوف و ہراس پھیل گیا
برطانیہ کے مانچسٹر ایئرپورٹ کو طیارے میں بم کی اطلاع پر عارضی طور پر بند کردیا گیا، جس کے باعث موقع پر موجود مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اماراتی ایئرلائن کے طیارے کو لینڈ کرتے ہی رن وے پر روک دیا گیا۔
گریٹر مانچسٹر پولیس کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ مکمل تلاشی کے بعد بھی تاحال طیارے سے کوئی بم نہیں ملا، طیارے میں بم کی اطلاع پولیس کو ای میل کے ذریعے بھیجی گئی تھی۔
موجودہ صورتحال میں دبئی واپسی کی پرواز ڈھائی گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوگی۔
اس سے قبل لوٹن ایئرپورٹ پرخوفناک آتشزدگی کے باعث تمام پروازیں معطل کردی گئی تھیں، حکام کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ آگ کار پارک میں لگی، ایمرجنسی سروسز موقع پر پہنچ گئیں۔
آتشزدگی کے باعث افراتفری کی صورتحال پیدا ہوگئی، سوشل میڈیا پر موجود فوٹیج میں آگ کے شعلے دکھائی دے رہے تھے۔
رپورٹ کے مطابق 10 فائر انجن آگ پر قابو پانے میں مصروف تھے، جبکہ ایمبولینس سروس بھی موقع پر پہنچ گئی تھی، تاہم کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔