خبریںسیاسیات

ایک شخص کی وطن واپسی کیلیے الیکشن روکا گیا، بلاول بھٹو

سابق وزیر خارجہ و چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے نواز شریف کا نام لیے بغیر کہا کہ ایک شخص کی وطن واپسی کیلیے الیکشن روکا گیا۔

سانحہ کارساز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ الیکشن میں تاخیر ووٹ کی عزت نہیں بلکہ بے عزتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 16 ماہ کی حکومت میں ایک چیز سامنے آئی کہ ملک کو لندن سے نہیں چلایا جا سکتا، ملک کو چلانا ہے تو عوام کے درمیان آنا پڑے گا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ امید ہے ریاستی انتظامات کے بعد استقبال بھی بڑا ہوگا اور الیکشن کی تاریخ بھی آئے گی، آپ اپنی تیاری پکڑیں، پیپلز پارٹی الیکشن کیلیے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کروا کر نفرت اور تقسیم کو دفن کر کے آگے بڑھ سکتے ہیں، آج جمہوریت، آئین اور الیکشن کو ایک شخص کی واپسی کیلیے روکا گیا ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ الیکشن کی تاریخ دو اور عوام کو ان کے ووٹ کا حق دو۔

سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ آج ہمارے ملک کو قومی اتحاد کی ضرورت ہے، نفرت، تقسیم اور گالی کی سیاست کو چھوڑنا ہوگا، آج کے پاکستان کو نئی سوچ اور نئی قیادت کی ضرورت ہے، ایسی قیادت جو ماضی میں نہ پھنسی ہوئی ہو، ہمیں نہ 1990 اور نہ 2017 کا پاکستان چاہیے بلکہ 2023 کے جدید تقاضوں کے مطابق پاکستان کو آگے لے کر جانا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ معاشرہ تقسیم ہو چکا ہے جبکہ معیشت تاریخی بحران سے گزر رہی ہے، سلیکشنز نے ہمارے ملک کی جمہوریت کا جنازہ نکال دیا، ماضی میں قصور جس کا بھی ہو آج مسائل کا حل نکالنا پڑے گا، مسائل حل ہو سکتے ہیں جمہوریت اور اٹھارویں ترمیم بحال ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جمہوری سیاست کو بحال اور انا کی سیاست کو دفن کرنا پڑے گا، عوام پر بھروسہ کرنا پڑے گا عوام اس ملک کے وارث ہیں، صرف عوام کو حق حاصل ہے کہ مستقبل کے فیصلے کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button